07 جنوری ، 2013
کراچی … کراچی میں عائشہ منزل کے قریب مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے باپ ، بیٹی ہلاک اور دوسری بیٹی زخمی ہوگئی،پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ قرار دیا ہے،ادھر ناردرن بائی پاس پر فائرنگ سے بھی ایک شخص ہلاک ہوا۔ عائشہ منزل سے طاہر ولا جانیوالے راستے پر مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں باپ اور کمسن بیٹی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دوسری بیٹی زخمی بھی ہوئی۔ ترجمان پولیس ایس ایس پی عمران شوکت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اصغر ان کی کمسن بیٹی زینب شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والی بیٹی کی شناخت دعا کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی گلبرگ عامر فاروقی نے بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ترجمان اہلسنت والجماعت کا کہنا ہے کہ واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا اصغر اور ان کی بیٹیوں پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے، فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ ناردرن بائی پاس پر نامعلوم ملزمان نے ٹرک پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں عارف نامی شخص ہلاک ہوگیا۔