07 جنوری ، 2013
اسلام آباد…ایم کیو ایم کے رہنماء رضا ہارون نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے سیاسی ڈرون میں چوبیس گھنٹے باقی رہ گئے ہیں ،ڈرون دھماکوں کی اطلاع نہیں ہواکرتی۔جبکہ ایم کیو ایم کے کنوئینر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ قائدایم کیو ایم الطاف حسین کیلیے ناگزیر وجوہات کی بنا پر آنا ممکن نہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت سے پہلے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ ہم عدالت اور چیف جسٹس پاکستان کے احترام میں یہاں موجود ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ عدلیہ کے احترام کو مقدم رکھا اور ہم الطاف حسین کے نمایندوں کے طور پر عدالت آئے ہیں۔قانونی ماہرین نے استدعا کی ہوئی کہ الطاف حسین کو حاضری سے استثنا دیا جائے،ہمیں یقین ہے کہ سارا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ طے ہوجائے گا۔الطاف حسین کیکیس کی پیروی کرنے والے وکیل فرخ نسیم نے کہا کہ ہم کسی بھی اختلافی بحث میں نہیں پڑیں گے۔سماعت پر ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ، ایم پی ایز، ارکان رابطہ کمیٹی اور مشیران سپریم کورٹ موجود ہیں جن میں فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، بابر غوری ، مصطفیٰ کمال اور طاہر مشہدی ندیم احسان ، خوش بخت شجاعت اور دیگر رہنماء موجود ہیں۔