27 اگست ، 2023
خیرپور کے علاقے رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک 10 سالہ فاطمہ کے کیس میں گرفتار 4 ملزمان کو رہا کر دیا گیا، جیو نیوز پر خبر چلی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، اعلیٰ حکام نے دوبارہ گرفتار کرا دیا۔
جیو نیوز نے خبر نشر کی تھی کہ رانی پور تشدد سے کمسن ملازمہ ہلاکت کیس میں زیر تفتیش سابق ایس ایچ او رانی پور، ڈاکٹروں اور کمپاؤڈر کو پولیس نے 8 روز زیر حراست رکھنے کے بعد شخصی ضمانت پر رہا کردیا تھا جن پر سہولت کاری،غفلت برتنے سمیت دیگر الزامات ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں کسی بھی وقت بلایا جاسکتا ہے۔
جیو نیوز پر خبر نشر ہونےکے بعد خیرپور پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، ملزمان کو دوبارہ سے حراست میں لے کر تھانے کے اندر ملزمان کے بیٹھے ہوئے فوٹیج جاری کردی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے ملزمان تاحال زیر تفتیش ہیں جن کو رہا نہیں کیا گیا تھا، ان کی رہائی ڈی آئی جی اور تحقیقاتی کمیٹی کے احکامات پر ہوگی۔