حرکت قلب اچانک تھم جانے یا کارڈک اریسٹ کی علامات کی نشاندہی

یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی / فوٹو بشکریہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن
یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی / فوٹو بشکریہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن

حرکت قلب اچانک تھم جانا یا کارڈک اریسٹ سے موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

درحقیقت موجودہ عہد میں اموات کی بڑی وجوہات میں کارڈک اریسٹ کا نام بھی شامل ہے۔

اب طبی ماہرین نے کارڈک اریسٹ سے قبل ظاہر ہونے والی علامات کی نشاندہی کی ہے۔

امریکا کے Cedars-Sinai Medical Center کی تحقیق میں ان علامات کے بارے میں بتایا گیا جن کا سامنا کارڈک اریسٹ کے 50 فیصد سے زیادہ مریضوں کو دل کے افعال تھم جانے سے 24 گھنٹے قبل ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ خواتین اور مردوں میں انتباہی علامات مختلف ہوتی ہیں۔

خواتین میں کارڈک اریسٹ کی سب سے نمایاں علامت سانس لینے میں مشکل محسوس ہونا ہوتی ہے جبکہ مردوں میں اس حوالے سے عام علامت سینے میں تکلیف ہے۔

کارڈک اریسٹ کے شکار کچھ افراد کو فلو جیسی علامات کا بھی سامنا ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ کارڈک اریسٹ کے شکار 90 فیصد افراد کا انتقال ہو جاتا ہے تو طبی مسئلے کی ممکنہ علامات کو جاننے سے مریضوں کی زندگی بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس تحقیق کے لیے محققین نے کارڈک اریسٹ کے حوالے سے امریکا میں جاری 2 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی۔

دونوں تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا سے محققین کو مریضوں میں نظر آنے والی علامات کا تجزیہ کرنے میں مدد ملی۔

ایک تحقیق رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کارڈک اریسٹ کے شکار 50 فیصد افراد میں 24 گھنٹے قبل کم از کم ایک علامت ضرور دیکھنے میں آتی ہے جبکہ دوسری تحقیق کے نتائج بھی اس سے ملتے جلتے تھے۔

محققین نے بتایا کہ یہ اس نوعیت کی پہلی تحقیق ہے جس میں کارڈک اریسٹ کی انتباہی علامات کے تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق سے زیادہ علامات کو جاننے میں مدد ملے گی جس سے کارڈک اریسٹ کے مریضوں کو بچانا ممکن ہو سکے گا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل The Lancet Digital Health میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :