ہلکے پھلکے مکھانوں کے صحت کے لیے بھاری فوائد

بیشتر افراد مکھانے کھانا پسند کرتے ہیں / فائل فوٹو
بیشتر افراد مکھانے کھانا پسند کرتے ہیں / فائل فوٹو

پاکستان میں متعدد افراد مکھانے بہت شوق سے کھاتے ہیں۔

ایک پودے کے ان بیجوں کو بادام یا اخروٹ جتنی مقبولیت تو حاصل نہیں مگر یہ صحت کے لیے لگ بھگ گریوں جتنے ہی فائدہ مند ہوتے ہیں۔

پروٹین، فائبر، میگنیشم، فاسفورس، کیلشیئم اور آئرن جیسے غذائی اجزا سے بھرپور مکھانے کسی سپر فوڈ سے کم نہیں۔

یہ آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں جبکہ ان کو پکانے بھی مشکل نہیں ہوتا، ان کو بھوننے کی ضرورت ہوتی ہے اور بس۔

مگر ان کو کھانے سے صحت کو کیا فوائد ہوتے ہیں؟ یہ جاننا مکھانوں کے ذائقے کو زیادہ بہتر بنا دے گا۔

جِلد کے لیے مفید

مکھانوں میں متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جس کے باعث عمر بڑھنے سے جِلد پر مرتب اثرات کی روک تھام کے لیے انہیں کھانے کی عادت فائدہ مند ہوتی ہے۔

مکھانے کھانے سے جِلد جوان نظر آتی ہے اور اس کی جگمگاہٹ بھی بڑھ جاتی ہے۔

قبض سے تحفظ

فائبر وہ غذائی جز ہے جو اچھے نظام ہاضمہ کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے اور مکھانوں میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مکھانے کھانے سے نظام ہاضمہ کے افعال درست رہتے ہیں اور قبض جیسے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

دل کو صحت مند بنائے

مکھانوں میں ایسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو جسم کو متعدد امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

ان غذائی اجزا میں میگنیشم بھی شامل ہے جو خون کے دباؤ کو بہتر بنا کر ہائی بلڈ پریشر سے تحفظ فراہم کرتا ہے جس سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

گردوں کی صحت بہتر بنائے

مکھانے ورم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹ خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں جس سے گردوں کے مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

اعصاب کے لیے بھی مفید

مکھانوں میں وٹامن بی 1 کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ وٹامن اعصابی نظام کے لیے اہم ہوتا ہے۔

جسم میں جاکر یہ وٹامن acetylcholine میں تبدیل ہو جاتا ہے جو اعصاب کے افعال کو درست رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں مددگار

مکھانوں میں پروٹین اور فائبر جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں اور یہ دونوں جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے اہم ہوتے ہیں۔

پروٹین سے بے وقت کھانے کی خواہش کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ فائبر غذا کو سست روی سے ہضم ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ وقت تک برقرار رہتا ہے۔

کچھ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ مقدار میں فائبر کے استعمال سے توند کی چربی گھٹ جاتی ہے۔

بلڈ شوگر کنٹرول کرے

کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق مکھانے کھانے سے بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

جانوروں پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مکھانوں میں موجود مرکبات بلڈ شوگر اور انسولین کی سطح کو بہتر کرتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :