29 اگست ، 2023
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے سستی بجلی کی فراہمی کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نےکہا کہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ پریشان ہیں، ایف پی سی سی آئی بجلی کی قیمتوں کو مسترد کرتی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ معیشت کو مزید ابتر کر دےگا۔
عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی تاجروں اور عوام پر ظلم ہے، بار بارکہتے رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نئی پالیسی لائیں، اس سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا، حکومت جب تک تاجر وں اور صنعت کاروں کے ساتھ مشاورت نہیں کرےگی مسئلہ حل نہیں ہوگا، محکمےکا بندہ شامل نہ ہو توکوئی بزنس مین بجلی چوری نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اتنی بھی قیمت نہ بڑھائےکہ صارفین بلز ادا ہی نہ کر سکیں، سرکاری ملازمین و افسران کو مفت بجلی کی فراہمی روکی جائے، پاور پلانٹ مالکان سے مل بیٹھ کر بجلی کی قیمتوں کو نیچےلایا جائے، ناقابل برداشت مہنگی بجلی کی وجہ سے کاروبار نہیں چل سکتے۔