پاکستان
07 جنوری ، 2013

شاہ زیب قتل: شاہ رخ اور سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

شاہ زیب قتل: شاہ رخ اور سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

کراچی … شاہ زیب قتل کیس میں مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی اور ان کے والد سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے جبکہ گرفتار 3 ملزمان کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاگیا ہے۔ شاہ زیب قتل کیس میں کراچی میں غلام مصطفی میمن کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی اور ان کے والد سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ دوسری جانب شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کیلئے ڈی آئی جی دوست علی بلوچ دبئی روانہ ہوگئے جبکہ ایس ایس پی نیاز کھوسو ٹیم کے ہمراہ آج شام دبئی روانہ ہورہے ہیں۔ وزارت داخلہ نے انٹرپول اور دبئی کی سی آئی ڈی پولیس سے شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری میں مدد کی درخواست کی ہے۔ اس سے قبل آج صبح گرفتار ملزمان سراج تالپور، سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو غلام مصطفی میمن کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے ملزمان سے تفتیش کیلئے 14 دن کے ریمانڈ کی درخواست کی تاہم عدالت نے تینوں ملزمان کو 10 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں بھی شاہ زیب قتل کے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے سندھ پولیس کو ملزم شاہ رخ جتوئی کی گرفتاری کیلئے 10 جنوری تک مہلت دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ملزم گرفتار نہ ہوا تو اس کی ذمہ داری آئی جی سندھ پر عائد ہوگی۔

مزید خبریں :