08 جنوری ، 2013
اسلام آباد…سفر انقلاب کے نام سے 14جنوری کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی سربراہی میں کیے جانے والے لانگ مارچ کے شرکاء اور شہریوں کی سیکورٹی کے لیے حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں جن کے مطابق مارچ کا شرکاء کا داخلہ شناختی کارڈ پر ہوگا، اس بات کا فیصلہ وزیر داخلہ رحمان ملک کی زیر صدارت منگل کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بسوں کے ڈرائیورزکے پاس دستاویزات کا ہونالازمی ہوگا۔بسوں میں دھماکے کی صورت میں ڈرائیوراور کنڈکٹر ذمے دار ہونگے،ڈرائیور اور کنڈکٹر کی ذمہ داری سے متعلق ٹرانسپورٹرز سے بیان حلفی لیا جائیگا،ٹرانسپورٹرز کسی بھی ہلاکت کی صورت میں زرتلافی دینے کے ذمے دار ہونگے،اجلاس کے ایک اور فیصلے کے مطابق لانگ مارچ میں شامل طلبا کو اپنے تعلیمی ادارے کے شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہونگے،اسکے علاوہ ریلی کے منتظمین کو ٹرانسپورٹ کے اخراجات کا ذریعہ بتانا ہوگا،یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کے شرکاکیلیے خصوصی انکلوژرز بنائے جائینگے،اور شرکا کو ان خصوصی انکلوژرزکے اندرہی رکھاجائیگا۔ادھر وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ دہشتگرد اسلحہ اورممکنہ طورپرخودکش حملہ آور لائینگے اسی لیے حفاظت کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔