معدے میں تیزابیت اور بدہضمی کا علاج آپ کے کچن میں موجود

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

معدے میں تیزابیت اور بدہضمی سے پریشان رہتے ہیں؟ تو اس کا علاج آپ کے کچن میں ہی موجود ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل بی ایم جے میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ بدہضمی اور معدے میں تیزابیت کے علاج کے لیے ہلدی ادویات جتنی ہی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

ہر کچن میں موجود اس مسالے میں curcumin نامی کیمیائی مرکب موجود ہوتا ہے جو ورم کش ہونے کے ساتھ ساتھ جراثیموں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔

اپنی طرز کی پہلی تحقیق میں ہلدی کے استعمال سے نظام ہاضمہ پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

اس تحقیق کے دوران 18 سے 70 سال کی عمر کے بدہضمی کے شکار 206 افراد کو ایک کلینیکل ٹرائل کا حصہ بنایا گیا۔

انہیں 3 گروپس میں تقسیم کرکے ہلدی سمیت مختلف طریقہ علاج کی آزمائش کی گئی۔

ایک گروپ کو دن میں 4 بار curcumin کے 250 ملی گرام کے 2 کیپسولز جبکہ ایک چھوٹا ڈمی کیپسول استعمال کرایا گیا۔

دوسرے گروپ کو بدہضمی کے لیے عام استعمال ہونے والی دوا کا ایک جبکہ 2 بڑے ڈمی کیپسول روزانہ استعمال کرائے گئے جبکہ تیسرے گروپ کو ہلدی کے بنیادی جز کے ساتھ دوا کا استعمال کرایا گیا۔

ان گروپس کا جائزہ پہلے 28 دن اور پھر 56 دن بعد لیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ ہلدی کے کیپسول مریضوں کے لیے محفوظ ہوتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ تینوں گروپس کی بیماری کی علامات میں لگ بھگ ایک جیسی بہتری آئی۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق محدود تھی اور اس حوالے سے طویل المعیاد بنیادوں پر تحقیقی کام ہونا چاہیے۔

مگر انہوں نے کہا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ ہلدی بدہضمی اور معدے میں تیزابیت کا علاج ثابت ہو سکتی ہے اور اسے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :