متعدد افراد کی وہ عام عادت جو جلد بوڑھا بنا سکتی ہے

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کیا آپ خود کو قبل از وقت بوڑھا ہونے سے بچانا چاہتے ہیں؟ تو تمباکو نوشی سے گریز کریں۔

تمباکو نوشی سے خون کے سفید خلیات کے کروموسومز کو نقصان پہنچتا ہے جس سے بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہو جاتا ہے۔

یہ انتباہ چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

ہوانگزو نارمل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں لگ بھگ 5 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا تھا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو نوشی کے عادی افراد کے کروموسومز میں موجود ٹیلومیئرز کی لمبائی گھٹ جاتی ہے۔

خیال رہے کہ ٹیلومیئرز کروموسومز کے ایسے حفاظتی کیپس (caps) ہوتے ہیں جو ڈی این اے کو نقصان سے بچاتے ہیں۔

اگر ٹیلومیئرز کی لمبائی مختصر ہوجائے تو بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ تمباکو نوشی سے بڑھاپے کی جانب سے سفر تیز ہو جاتا ہے جبکہ اس عادت کو ترک کر دینے سے یہ خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔

اس سے پہلے بھی تحقیقی رپورٹس میں تمباکو نوشی کی عادت اور ٹیلومیئرز کی لمبائی میں کمی کے درمیان تعلق کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

مگر اس نئی تحقیق میں اس حوالے سے زیادہ ٹھوس شواہد پیش کیے گئے۔

تحقیق کے دوران تمباکو نوشی کے عادی افراد، اس عادت کو ترک کرنے والوں اور اس لت سے ہمیشہ دور رہنے والوں کے خون کے نمونوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ تمباکو نوشی کے عادی افراد کے کروموسومز کو نقصان پہنچتا ہے جس کے نتیجے میں جلد بڑھاپے کا خطرہ بڑھتا ہے، جبکہ اس عادت کو ترک کر دینے سے یہ اثر ریورس کرنا ممکن ہے۔

محققین نے بتایا کہ تمباکو نوشی زیادہ کرنے سے ٹیلومیئرز کی لمبائی پر بھی نمایاں منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلومیئرز کی لمبائی گھٹنے سے متعدد امراض جیسے ذیابیطس، مسلز کی کمزوری اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج European Respiratory Society International Congress میں پیش کیے گئے۔

مزید خبریں :