Time 19 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل بارڈ اب جی میل اور ڈرائیو پر تفصیلات بھی تلاش کرسکے گا

گوگل کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ گوگل
گوگل کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ بارڈ اب محض ویب پر سوالات کے جواب دینے تک محدود نہیں رہا، بلکہ وہ جی میل، ڈاکس اور ڈرائیو سے تفصیلات کو تلاش کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

گوگل کی جانب سے بارڈ کو مختلف سروسز کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور صارفین اے آئی چیٹ بوٹ سے مخصوص تفصیلات یا ای میلز کی سمری حاصل کر سکیں گے۔

گوگل نے اسے ایکسٹینشنز کا نام دیا ہے اور اس سے ای میلز یا دستاویزات کے ڈھیر میں سے مخصوص تفصیلات تلاش کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

فی الحال یہ سہولت انگلش زبان میں ہی دستیاب ہوگی۔

گوگل کے مطابق صارفین کی ذاتی ای میلز اور دستاویزات کو بارڈ کے پبلک ماڈل کی تربیت کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس ڈیٹا کو کمپنی کے عملے کو دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

گوگل بارڈ کو مختلف سروسز میں استعمال کرنے کا اختیار بھی صارف کے پاس ہوگا اور کسی بھی وقت اسے ڈس ایبل کرنا ممکن ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ آپ جی میل کے اندر براہ راست بارڈ کو سرچ کے لیے استعمال کر سکیں گے اور بس اس سے سرچ بار پر سوال پوچھنا ہوگا۔

جی میل، ڈاکس اور ڈرائیو کے ساتھ ساتھ بارڈ کو میپس، یوٹیوب اور گوگل فلائٹس کے ساتھ بھی منسلک کیا جا رہا ہے۔

یعنی آپ یوٹیوب پر مخصوص موضوع پر ویڈیوز کو اس کی مدد سے تلاش کر سکیں گے یا گوگل میپس پر راستوں کے بارے میں پوچھ سکیں گے۔

گوگل کی جانب سے بارڈ میں چند اور فیچرز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

ان میں سے ایک فیچر ڈبل چیک کا ہے جس کے ذریعے بارڈ کے جوابات کی جانچ گوگل اٹ نامی بٹن سے کی جاسکے گی۔

یہ بٹن پہلے بھی موجود تھا مگر پہلے اس سے بارڈ کے جوابات سے متعلق موضوعات کو گوگل پر سرچ کیا جاتا تھا مگر اب یہ بٹن بتائے گا کہ بارڈ کا جواب کس حد تک درست یا غلط ہے۔

خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے بارڈ کو فروری 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے بعد سے اس میں بتدریج نئے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :