Time 27 ستمبر ، 2023
پاکستان

2018 کے مقابلے میں اگلے عام انتخابات میں کتنے ووٹرز ووٹ دے سکیں گے؟

الیکشن کمیشن نے 2018 سے 2023 تک مرد و خواتین ووٹرز کا موازنہ بھی جاری کیا ہے— فوٹو: فائل
الیکشن کمیشن نے 2018 سے 2023 تک مرد و خواتین ووٹرز کا موازنہ بھی جاری کیا ہے— فوٹو: فائل

ملک میں 2018 کےعام انتخابات کے مقابلے میں ووٹرز کی تعداد میں 2 کروڑ 10 لاکھ، 24 ہزار، 863 ووٹرز کا اضافہ ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرزکی کُل تعداد 12 کروڑ 69 لاکھ 80 ہزار 272 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں ملک میں ووٹرز کی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 85 لاکھ 8 ہزار 258 ہوگئی ہے  جبکہ  خواتین ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 72 ہزار 14 ہوئی ہے، مرد ووٹرز کی تعداد خواتین کی نسبت 1 کروڑ 36 ہزار 244 زیادہ ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2018 میں ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 6 لاکھ 72 ہزار تھی جبکہ 2023 تک یہ تعداد 7 کروڑ 23 لاکھ 10 ہزار ہو گئی ہے، پنجاب میں ووٹرز کی تعداد میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 16 لاکھ 37 ہزار ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔

سندھ میں 2018 میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار تھی جو کہ 2023 میں بڑھ کر 2 کروڑ 66 لاکھ 51 ہزار ہوچکی ہے۔ مجموعی طور پر سندھ میں 42 لاکھ 59 ہزار ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں 2018 میں 1 کروڑ 53 لاکھ 14 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے جو کہ 2023 میں بڑھ کر 2 کروڑ 16 لاکھ 92 ہزار ہو گئے ہیں جس میں فاٹا کے ضم ہونے والے علاقوں کے ووٹرز بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر خیبرپختونخوا میں 63 لاکھ 78 ہزار ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔

بلوچستان میں 2018 کے ووٹرز کی تعداد 42 لاکھ 99 ہزار تھی جبکہ 2023 میں یہ تعداد 52 لاکھ 84 ہزار ہو گئی ہے اور صوبے میں ووٹرز کی تعداد میں 9 لاکھ 58 ہزار ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد میں 2018 میں ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 65 ہزار تھی جو کہ اب 2023 میں ہے 10 لاکھ 41 ہزار ہو چکی ہے اور وفاقی دارالحکومت میں 2 لاکھ 76 ہزار ووٹرز کا اضافہ ہوا۔

الیکشن کمیشن نے 2018 سے 2023 تک مرد و خواتین ووٹرز کا موازنہ بھی جاری کیا ہے۔

مزید خبریں :