02 اکتوبر ، 2023
اکثر کہا جاتا ہے کہ دن بھر میں 10 ہزار قدم چلنا مختلف امراض اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔
مگر ہر فرد کے لیے ایسا ممکن نہیں ہوتا، تو روزانہ چند سیڑھاں چڑھنا بھی آپ کو امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچا سکتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Tulane یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ محض 5 منزلیں سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امراض قلب کے باعث ہوتی ہیں۔
اس تحقیق میں ساڑھے 4 لاکھ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان افراد میں خاندانی تاریخ اور دیگر جینیاتی عناصر کے باعث امراض قلب کا خطرہ زیادہ خیال کیا جا رہا تھا۔
اس کے بعد ان افراد کے طرز زندگی اور سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کا تجزیہ کیا گیا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ ساڑھے 12 سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ زیادہ سیڑھیاں چڑھنے سے امراض قلب کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے کہا کہ جن افراد میں امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، وہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے اسے نمایاں حد تک کم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیڑھیاں چڑھنے کے لیے کسی قسم کے خرچے کی ضرورت نہیں اور روزمرہ کے معمولات میں اسے عادت بنانا بھی آسان ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دل اور پھیپھڑوں کی صحت کو بہتر بنانے کا مؤثر طریقہ ہے، خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جو ورزش کرنے کے عادی نہیں ہوتے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Atherosclerosis میں شائع ہوئے۔