Time 12 اکتوبر ، 2023
دنیا

حماس نے اسرائیل کیخلاف 'طوفان الاقصٰی' آپریشن کی ویڈیو رپورٹ جاری کردی

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری  ونگ القسام  بریگیڈز   نے 'طوفان الاقصٰی' کے  نام  سے اسرائیل کے خلاف کیے گئے  آپریشن کی ویڈیو  رپورٹ جاری کردی۔

ساڑھے تین منٹ کی اس ویڈیو کو  انتہائی اعلیٰ فنی صلاحیتوں کے ساتھ فلمایا  اور ایڈیٹنگ کے  مراحل سےگزارا  گیا ہے۔

 ویڈیو کے آغاز  میں دور مار  مارٹر گنوں کی فائرنگ اور  راکٹوں کی بارش کرکے اسرائیل پر حملہ دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں القسام کے کمانڈوز کو اسرائیلی باڑ کو بموں سے اڑاتے، زمینی اور فضائی راستوں سے اسرائیل میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، حملے کے دوران فتح و نصرت کی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

اسرائیلی فوجی کیمپوں میں داخل ہونے  والے القسام بریگیڈز کے کمانڈوز کے ہیلمٹس اور گنوں پر کیمرے لگے تھے جب کہ حملے کی فلم بندی ڈرون کیمروں سے بھی کی گئی، بم گرانے والے ڈرون پر بھی کیمرے لگے تھے،فضائی حملوں کے بعد حماس کے ڈرون بحفاظت  اپنے مرکز تک  پہنچنے میں کامیاب بھی رہے۔

القسام کی جاری کردہ ویڈیو میں بڑی تعداد میں تباہ شدہ اسرائیلی فوجی گاڑیاں اور فوجی کیمپوں میں جابجا پڑی اسرائیلی فوجیوں کی لاشیں دیکھی جاسکتی ہیں۔

ماہرین کا تجزیہ ہے کہ حماس نے جہاں اپنی فوجی کارروائیوں سے دنیا کو حیران کردیا ہے وہیں انہوں نے ابلاغ کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

خیال رہےکہ ہفتےکے روز حماس کی  طوفان الاقصٰی کے نام سے کی گئی کارروائی اور اس کے بعد اسرائیلی ردعمل کے جواب میں  اسرائیل پر حملوں میں 1400صیہونی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

مزید خبریں :