12 جنوری ، 2013
چارسدہ …چارسدہ میں اے این پی کے سابق صوبائی وزیر بشیر خان عمر زئی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا جس میں بشیر خان سمیت 14افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق اے این پی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر بشیرخان عمر زئی قافلے کے ہمراہ چارسدہ کی مقامی عدالت میں پیشی کے بعد واپس گھر جارہے تھے۔ اس دوران عمر زئی کے علاقے شہید قلعے میں ان کے قافلے کے راستے میں نصب ریموٹ کنٹرول بم حملہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے میں بشیر خان عمر زئی،سابق تحصیل نائب ناظم ظفراللہ خان اور تین پولیس اہلکاروں سمیت 14افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں زخمیوں کی حالت زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کردئی ہے۔ دوسری جانب اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے چار سدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے قافلے کو بم سے نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔