12 جنوری ، 2013
اسلام آباد … جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیٹرول کی قلت پر اوگرا کی ٹیموں نے مختلف پیٹرول پمپس پر چھاپے مارے اور ان کیخلاف کارروائی کیلئے ثبوت اکٹھے کئے۔ اسلام آباد میں اوگرا کے دفتر میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس کے بعد اوگرا کی چھاپہ مار ٹیموں نے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف پیٹرول پمپس پر چھاپے مارے اور بند پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کیلئے ثبوت اکٹھے کئے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا شاہد نعمان کا کہنا تھا کہ ان پمپس کو بعد میں جرمانے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر شہریوں نے اوگرا کی ٹیموں کو بتایا کہ انہیں مطلوبہ مقدار میں پیٹرول فراہم نہیں کیا جارہا۔ پمپس مالکان کا کہنا تھاکہ لانگ مارچ کی رکاوٹوں کی وجہ سے آئل ٹینکرز کے آنے میں تاخیر ہوئی ہے اور سپلائی میں بھی کمی ہوئی۔