12 جنوری ، 2013
اسلام آباد … اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے تحریک منہاج القرآن کی درخواست نمٹاتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو ہراساں نہ کیا جائے۔ تحریک منہاج القرآن نے کارکنوں کو ہراساں کرنے اور اسلام آباد کے علاقے کراچی کمپنی میں پوسٹرز پھاڑے جانے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجا جواد عباس کی عدالت میں چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کی جانب سے تحریری جوابات جمع کرائے گئے۔ چیف کمشنر کی جانب سے 2 اسسٹنٹ کمشنر جبکہ آئی جی پولیس کی جانب سے سب انسپکٹر پیش ہوئے۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے کسی کارکن کو ہراساں یا گرفتار نہیں کیا گیا نہ ہی مستقبل میں ایسا کوئی ارادہ ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نعمان یوسف نے عدالت کو بتایا کہ کراچی کمپنی میں تاجروں نے پوسٹرز پھاڑے، اسلام آباد انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر فریقین میں صلح کرا دی تھی۔ اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لانگ مارچ کے شرکاء کو ہراساں نہ کرنے کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی گئی۔