12 جنوری ، 2013
پشاور … خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کو علامہ طاہر القادری کے اعلان کردہ لانگ مارچ میں سیکیورٹی کی خدمات کیلئے صوبائی پولیس فورس فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے علامہ طاہر القادری کے لانگ مارچ کیلئے خیبر پختونخوا سے 2ہزار پولیس اہلکار طلب کیے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے وفاق کو جواب دیا ہے کہ صو بہ میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہے، اس لئے پولیس اہلکاروں کی خدمات وفاق کے حوالے نہیں کی جاسکتیں۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت صوبہ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر پہلے ہی گلگت اور اسلام آباد میں تعینات فرنٹیئر کانسٹیبلری کی پلاٹونز کی واپسی کا مطالبہ کر چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمانڈنٹ ایف سی کے حکم پر 4 ہزار ایف سی اہلکاروں کی خدمات کی وفاق کو حوالگی پر صوبائی حکومت نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔