جگر کے عام ترین مرض سے تحفظ فراہم کرنے والے 5 آسان طریقے

اس مرض کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے / فائل فوٹو
اس مرض کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے / فائل فوٹو

جگر پر چربی چڑھنے کا مرض ایک دائمی عارضہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔

عام طور پر اس بیماری کے لیے نان الکحلک فیٹی لیور ڈیزیز کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے اور یہ جگر کے امراض کی عام ترین قسم ہے۔

اس بیماری کے دوران جگر بہت زیادہ مقدار میں چربی ذخیرہ کرنے لگتا ہے اور اس کا علاج نہ ہو تو اس کے افعال تھم جاتے ہیں۔

جگر کی اس بیماری کے نتیجے میں میٹابولک امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

صحت مند جگر میں چربی کی مقدار بہت کم ہوتی ہے اور اس میں معمولی اضافے کو بھی بیماری تصور کیا جاتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام عادات کو اپنا کر آپ جگر کے اس عام ترین مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کر سکتے ہیں۔

صحت کے لیے مفید غذائی عادات

بہترین اور متوازن غذا کا انتخاب جگر کو صحت مند رکھتا ہے۔

فاسٹ فوڈ اور تلی ہوئی غذاؤں کو زیادہ استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ ان میں موجود چکنائی، شکر اور دیگر اجزا سے جگر پر چربی بڑھ جاتی ہے۔

اس کے مقابلے میں وٹامنز، اینٹی آکسائیڈنٹس اور فائبر جیسے غذائی اجزا سے بھرپور غذاؤں کا استعمال جگر کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

تازہ پھلوں اور سبزیوں کو ترجیح دیں

روزانہ کی غذا میں مختلف پھلوں اور سبزیوں کو شامل کریں۔

پھلوں اور سبزیوں سے جسم کو متعدد اہم غذائی اجزا بشمول وٹامنز، اینٹی آکسائیڈنٹس اور فائبر ملتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال جگر پر چربی چڑھنے کے مسئلے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

میٹھے مشروبات سے گریز کریں

میٹھے مشروبات کے استعمال سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ انسولین کی مزاحمت بھی بڑھتی ہے اور دونوں سے جگر پر چربی چڑھنے کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

میٹھے مشروبات کی بجائے چائے یا کافی کو ترجیح دینے سے صحت کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

جسمانی سرگرمیوں کو عادت بنائیں

تیز رفتاری سے چہل قدمی کو عادت بنانے سے جسمانی وزن کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے، انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے اور جگر پر چربی چڑھنے کا امکان کم ہوتا ہے۔

طبی ماہرین جگر پر چربی چڑھنے کے مرض سے بچنے کے لیے ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک معتدل سے سخت ورزشوں کا مشورہ دیتے ہیں۔

اچھی نیند

چین کی سن یاٹ سین یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کی رات کی نیند کا دورانیہ کم ہوتا ہے ، ان میں جگر پر چربی چڑھنے کے مرض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق نیند کے معیار میں معتدل بہتری سے جگر کی اس بیماری کا خطرہ 29 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :