کھانے کے بعد چند منٹ کی چہل قدمی کے یہ فوائد جانتے ہیں؟

اس عادت کو آج ہی اپنا لیں / فائل فوٹو
اس عادت کو آج ہی اپنا لیں / فائل فوٹو

پیٹ بھر کر کھانا کھانے کے بعد ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی کا خیال اچھا محسوس نہیں ہوتا۔

مگر کھانے کے بعد کچھ منٹ چہل قدمی کرنے کو عادت بنانے کے فوائد دنگ کر دینے والے ہیں۔

جی ہاں واقعی یہ عادت متعدد خطرناک امراض سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے جبکہ دیگر فوائد الگ ہوتے ہیں۔

اس عادت کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے

پیٹ پھولنا، اضافی گیس، قبض، معدے میں تیزابیت یا بدہضمی جیسے مسائل کا سامنا کھانے کے بعد ہو سکتا ہے۔

مگر ان مسائل سے بچنے کا ایک بہترین طریقہ کھانے کے بعد کچھ دیر کی چہل قدمی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد چہل قدمی سے معدہ اور آنتیں متحرک ہوتی ہیں اور کھانا جلد ہضم ہوتا ہے، جس سے پیٹ پھولنے، قبض یا تیزابیت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ ہر قسم کی جسمانی سرگرمیوں سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

چہل قدمی سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے جبکہ ہارٹ اٹیک، فالج اور دیگر امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر کھانے کے بعد 10 سے 15 منٹ کی چہل قدمی سے طویل المعیاد بنیادوں پر امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا ممکن ہوتا ہے

آئرلینڈ کی لیمرک یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے کے بعد چند منٹ کی چہل قدمی بلڈ شوگر اور انسولین کی سطح میں کمی لاتی ہے۔

اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ انسولین وہ ہارمون ہے جو بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

کھانے کے 60 سے 90 منٹ کے بعد گلوکوز کی سطح عروج پر ہوتی ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے کے بعد کچھ وقت کے لیے کھڑے ہونے سے بلڈ شوگر کی سطح بہتر ہوتی ہے مگر انسولین پر کوئی اثر نہیں ہوتا، جبکہ چہل قدمی سے بلڈ شوگر اور انسولین دونوں کی سطح میں کمی آتی ہے۔

محققین نے کہا کہ کھانے کے بعد 60 سے 90 منٹ کے اندر چہل قدمی، گھر کے کام یا جسم کو کسی بھی وجہ سے حرکت دینا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے۔

جسمانی وزن میں بھی کمی آتی ہے

کھانے کے بعد کچھ منٹ کی چہل قدمی سے جسمانی وزن کو مستحکم رکھنے یا اس میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق آپ جتنی زیادہ کیلوریز جلائیں گے، جسمانی وزن میں اتنی زیادہ کمی آئے گی۔

ہمارا جسم چلتے ہوئے زیادہ توانائی خرچ کرتا ہے جس کے نتیجے میں زیادہ کیلوریز جلتی ہیں۔

چہل قدمی سے کھانے کی خواہش کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

نیند بہتر ہوتی ہے

ماہرین کے مطابق رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی سے جسمانی گھڑی کے افعال بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

جسمانی گھڑی ہمارے سونے جاگنے کے قدرتی سائیکل کے لیے اہم ہوتی ہے اور اس کے افعال بہتر ہونے سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے جبکہ جلد سونے میں بھی مدد ملتی ہے۔

کتنی دیر چہل قدمی کرنی چاہیے؟

ماہرین کے مطابق کھانے کے 15 منٹ بعد 10 منٹ تک چہل قدمی کرنے سے اوپر درج فوائد کا حصول ممکن ہے۔

البتہ بہت زیادہ تیزی سے چلنے سے گریز کریں، ورنہ نظام ہاضمہ کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :