Time 16 نومبر ، 2023
پاکستان

عمران خان سے فیملی اور وکلا کے سوا کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، ترجمان محکمہ جیل خانہ جات

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے آئی ایم ایف اور  یورپی یونین نمائندگان کی  عمران خان سے ملاقات کے چوہدری پرویز الہٰی کے دعوے کی تردید کی ہے۔

ایک بیان میں ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا تھا کہ  پرویز الہٰی کا بیان بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، اڈیالہ جیل میں ایسی کسی ملاقات کا کوئی سوال نہیں۔

ترجمان کے مطابق  چیئرمین پی ٹی آئی  اور  پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل میں الگ الگ  جگہ رکھا گیا ہے،  چیئرمین پی ٹی آئی سے پرویز الہٰی کی بھی اڈیالہ  جیل میں کوئی ملاقات ہوئی نہ رابطہ، چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی فیملی اور وکلا  کے سوا کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، فیملی اور  وکلا سے ملاقاتوں کا باقاعدہ  ریکارڈ  بنایا جاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  اڈیالہ جیل کی سکیورٹی کے لیے 300 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آئی جی آفس میں نگرانی بھی کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ آج کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا تھا کہ  چیئرمین پی ٹی آئی میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی  یونین کے لوگ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے آتے ہیں۔

مزید خبریں :