06 دسمبر ، 2023
اسلام آباد میں سول جج کی اہلیہ کے تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ 5 ماہ زیرعلاج رہنے کے بعد مکمل صحتیابی پرآج اسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گی۔
جیو سے گفتگو کرتے ہوئے امیرالدین میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فرید ظفر نے بتایا کہ رضوانہ 5 ماہ زیر علاج رہیں، اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوچکی ہیں، رضوانہ کو سر، چہرے اور کمر پر زخموں کے ساتھ جنرل اسپتال لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 5 ماہ مسلسل زیر علاج رہنے کے بعد اب وہ بہتر ہوچکی ہیں، اپنے قدموں پر چلتی ہے اور ان کی مسکراہٹ بھی لوٹ آئی ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے جیو نیوز کو بتایا کہ رضوانہ ڈسچارج ہوکر اپنے گھر سرگودھا نہیں جائیں گی بلکہ انہیں اسپتال سے چائلڈ پروٹیکیشن بیورو منتقل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے انہیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کیا ہے، رضوانہ کو تعلیم، خوراک اور دیگر سہولیات چائلڈ پروٹیکشن بیورو مہیا کرے گا۔