06 دسمبر ، 2023
میٹا نے فیس بک اور انسٹا گرام کے درمیان میسجنگ فیچر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
2020 میں میٹا کی جانب سے کراس ایپ میسجنگ فیچر کو متعارف کرایا گیا تھا، مگر اس منصوبے کا اعلان 2019 میں کیا گیا تھا۔
اس وقت میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انسٹا گرام، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کو اکٹھا کر دیا جائے گا، تاکہ صارفین کسی ایک پلیٹ فارم سے دیگر ایپس کے صارفین سے بات کر سکیں۔
اس سلسلے کا آغاز انسٹا گرام اور میسنجر میں کراس میسجنگ فیچر کے ذریعے کیا گیا تھا مگر اب اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انسٹا گرام ہیلپ سینٹر پیج میں بتایا گیا کہ کراس میسجنگ فیچر کو دسمبر 2023 کے وسط میں ختم کر دیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ کیوں کیا گیا ہے۔
مگر 9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایسا ممکنہ طور پر یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹ ایکٹ (ڈی ایم اے) کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈی ایم اے کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چیٹ انٹرپورٹ ایبلٹی کو ممکن بنانا ہوگا۔
اس تبدیلی کے بعد کسی بھی میسجنگ ایپ جیسے واٹس ایپ کے صارفین دیگر ایپس جیسے ٹیلی گرام اور سگنل وغیرہ پر بھی دوستوں سے چیٹ کرسکیں گے۔
میٹا کی جانب سے ڈی ایم اے قانون کے تحت واٹس ایپ میں چیٹ انٹرپورٹ ایبلٹی کا فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ستمبر میں اس حوالے سے رپورٹ بھی سامنے آئی تھی کہ واٹس ایپ میں تھرڈ پارٹی چیٹ کے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
ڈی ایم اے قانون کا اطلاق 6 مارچ 2024 کو ہوگا۔