13 دسمبر ، 2023
اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا کہنا ہےکہ گیس نرخوں میں توقع سے زیادہ اضافہ سے مہنگائی بڑھی ہے۔
منگل کو ہونے والے اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کے اجلاس میں کہا گیا کہ گیس کے نرخوں میں توقع سے زیادہ اضافے نے نومبر 2023 میں مہنگائی میں 3.2 فیصد درجے کا حصہ ڈالا اور اسے 29.2 فیصد سال بہ سال تک پہنچا دیا۔
کمیٹی نے کہا کہ گیس نرخوں میں توقع سے زیادہ اضا فے سے مہنگائی بڑھی، تیل کی عالمی قیمتوں میں حالیہ کمی اور زرعی پیداوار کی بہتر دستیابی سے مہنگائی کی شرح کم ہو سکتی ہے، صارفین اور کاروباری اداروں کی مہنگائی کی توقعات اگرچہ حالیہ مہینوں میں بہتر ہوئی ہیں تاہم بلند سطح پر ہیں۔
کمیٹی کے مطابق ایم پی سی کی بدستور یہ توقع ہے کہ محدود مجموعی طلب، بہتر ہوتی ہوئی رسدی رکاوٹوں، اجناس کی عالمی قیمتوں میں اعتدال اور سازگار اساسی بنیاد کی وجہ سے مالی سال 2024 کی دوسری ششماہی میں عمومی مہنگائی میں خاصی کمی آئے گی۔