انسانوں کو مریخ پر شہر اور چاند پر بیس تعمیر کرنے کی ضرورت ہے، ایلون مسک

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک انسانوں کو جلد از جلد چاند اور مریخ پر دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

درحقیقت ان کا ماننا ہے کہ انسانوں کو زمین سے باہر نکل کر چاند پر بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہیے۔

ایلون مسک نے ان خیالات کا اظہار ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کی ایک پوسٹ میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 1969 میں اپولو 11 مشن بہت اہم تھا جب انسانوں نے پہلی بار چاند کی سطح پر قدم رکھا تھا۔

مگر انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کو چاند پر آخری بار اترے 50 سال ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 ویں صدی کے شروع میں انسانوں کی پہلی پرواز کے محض 66 سال بعد ہم چاند پر پہنچ گئے تھے، مگر گزشتہ 50 سال میں ہم نے دوبارہ چاند پر جانے کی کوشش نہیں کی۔

ایلون مسک نے کہا کہ انسانوں کو نہ صرف چاند پر ایک بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہیے بلکہ ستاروں تک پہنچنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک برسوں سے انسانوں کو مریخ پر بسانے کا عزم ظاہر کرتے رہے ہیں۔

اگست 2022 میں ایک جریدے کے لیے تحریر کیے گئے مضمون میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک جانے کے قابل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر زمین رہائش کے قابل نہ رہے تو ہمیں ایک خلائی طیارے سے نئے گھر کی جانب پرواز کرنا ہوگا'۔

ایلون مسک نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے پہلا قدم خلائی سفر کے اخراجات کو کم کرنا ہے اور اسی لیے انہوں نے اسپیس ایکس کی بنیاد رکھی۔

دنیا کے امیر ترین شخص کا کہنا تھا کہ وہ انسانی تہذیب کو بجھتی ہوئی شمع کی طرح دیکھ رہے ہیں اور ہمیں اپنی بقا کے لیے دیگر سیاروں کا رخ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایلون مسک نے کہا کہ ان کی انسانوں کے لیے سب سے بڑی توقع یہ ہے کہ وہ مریخ میں ایک مستحکم شہر کو تعمیر کرسکیں۔