Time 22 دسمبر ، 2023
صحت و سائنس

بلڈ پریشر جیسے مرض سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو اس عام چیز کا استعمال عادت بنالیں

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کے اکثر مریض اس بات سے لاعلم رہتے ہیں کہ وہ اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں اور اسی وجہ سے اسے خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں جیسے نمک کا زیادہ استعمال، دل اور خون کی شریانوں پر زیادہ دباؤ، جسم میں پانی کا اجتماع، فکرمندی اور غصہ۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ کے کچن میں لگ بھگ ہر وقت موجود رہنے والی ایک چیز سے آپ اس جان لیوا بیماری سے بچ سکتے ہیں۔

جی ہاں روزانہ محض ایک ٹماٹر کھانے سے آپ خود کو ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

انسٹیٹیوٹ فار ریسرچ آن نیوٹریشن اینڈ فوڈ سیفٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ پوٹاشیم اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہونے کے باعث ٹماٹر دل کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 55 سے 80 سال کی عمر کے 7 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 3 سال تک لیا گیا۔

تحقیق میں شامل 82 فیصد افراد پہلے ہی ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے ۔

ان افراد کو بلڈ پریشر کے نمبروں کو دیکھتے ہوئے 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا، جن میں سے ایک گروپ اس مرض سے محفوظ افراد پر مشتمل تھا، جبکہ باقی تینوں بلڈ پریشر کے مریضوں پر مشتمل گروپس تھے۔

تحقیق کے دوران ان افراد سے غذائی عادات اور جسمانی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک بڑا ٹماٹر کھانے سے ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ 36 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ٹماٹر دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سبزیوں میں سے ایک ہے اور متعدد پکوانوں کا اہم جز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹروں کو غذا کا حصہ بنانے سے ہائی بلڈ پریشر سے بچنے یا اسے کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف Preventive Cardiology میں شائع ہوئے۔

ہائی بلڈ پریشر کیا ہوتا ہے؟

خون کی شریانیں تنگ ہو جائیں تو خون کا بہاؤ محدود ہو جاتا ہے۔

شریانیں جتنی زیادہ تنگ ہوں گی، بہاؤ اتنا کم اور بلڈ پریشر اتنا زیادہ ہوگا۔

وقت کے ساتھ یہ دباؤ بڑھ کر مختلف طبی مسائل جیسے امراض قلب، ہارٹ اٹیک یا فالج کا باعث بن سکتا ہے۔

بلڈ پریشر کا مسئلہ بہت عام ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس کے شکار ہیں۔

ہائی بلڈ پریشر سے خون کی شریانیں اور اعضا بالخصوص دماغ، دل، آنکھیں اور گردوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

فشار خون کی تشخیص جلد ہونے سے اس کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

مزید خبریں :