28 دسمبر ، 2023
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد انتظامیہ نے شوکت خانم اسپتال کراچی کے فنڈ ریزنگ ایونٹ کیلئے اجازت نامہ (این او سی) منسوخ کر دیا۔
کینسراسپتال کا فنڈ ریزنگ ایونٹ کل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونا تھا۔ اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اجازت نامہ منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، فنڈ ریزنگ ایونٹ میں مقامی گلو کار اسرار نے پرفارم کرنا تھا.
اسپتال انتظامیہ نے بتایاکہ کینسر اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ غیر سیاسی اور فلاحی سرگرمی ہے۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے شوکت خانم کی مقامی انتظامیہ کو این او سی واپس لینے کا خط لکھا ہے لیکن خط میں 29 دسمبر کو ہونے والے فنڈ ریزنگ پروگرام کا اجازت نامہ واپس لینے کی وجہ درج نہیں۔
ذرائع ضلعی انتظامیہ کے مطابق فنڈ ریزنگ پروگرام کا اجازت نامہ عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط کے تحت واپس لیا گیا۔
ذرائع ضلعی انتظامیہ نے بتایاکہ فنڈ ریزنگ کرنے والے قوانین کے مطابق آڈٹ، ڈونرز کی تفصیل فراہم کرنے کے پابند ہیں، نجی تنظیم یہ شرائط ماننے سے انکاری تھی جس پر این او سی واپس لیا گیا۔