کاروبار
Time 02 جنوری ، 2024

70 کروڑ ڈالر کی قسط: پاکستان کی آئی ایم ایف کو تمام شرائط پر عمل کرنے کی یقین دہانی

نگران وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف کو ایک خط ( لیٹر آف انٹینٹ )جاری کیا اور اس میں تمام طے شدہ شرائط نافذ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے/ فائل فوٹو
 نگران وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف کو ایک خط ( لیٹر آف انٹینٹ )جاری کیا اور اس میں تمام طے شدہ شرائط نافذ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے/ فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور گورنر اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف کو ایک خط ( لیٹر آف انٹینٹ )جاری کیا ہے اور اس میں تمام طے شدہ شرائط نافذ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ 70کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کی منظوری مل سکے۔ 

اب آئی ایم ایف نے اپنے ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس کی تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان کی درخواست پر پہلے جائزے کی تکمیل کریگا اور اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط 11 جنوری 2024 کو جاری ہوسکے، اس مقصد کے لیے 11 جنوری 2024کو واشنگٹن ڈی سی کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ 

پاکستانی حکام نے ڈالر کےلیے مارکیٹ کی بنیاد پر شرح مبادلہ طے کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا اور یقین دلایا ہے کہ حکومت مالیاتی استحکام یقینی بنانے کےلیے پروگرام کے مقاصد حاصل کرنا ہوں گے۔ 

ایک سرکاری ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکام کا یہ دستخط شدہ لیٹر آف انٹینٹ آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے شیئر ہوگا جس میں پاکستان کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر کی درخواست کے اجرا پر غور ہوگا۔ 

امریکا میں کرسمس اور نیو ایئر کے موقع پر چھٹیاں ہوتی ہیں اس لیے آئی ایم ایف بورڈ نے ان کے ختم ہونے کے فوری بعد شیڈول جاری کیا ہے کہ وہ 11 جنوری کو پاکستان کی درخواست پر غور کےلیے بورڈ کے اجلاس میں غور کریگا۔

مزید خبریں :