21 جنوری ، 2013
کوئٹہ…کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کوئٹہ میر زبیر محمود نے کہا ہے کہ سی آئی ڈی پولیس کے ایس پی اور دو ڈی ایس پیز کواغوا برائے تاوان میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا گیا ہے ، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سی سی پی او آفس میں کی گئی نیوز کانفرنس میں میر زبیر محمود نے بتایا کہ ایف سی نے گزشتہ شب سی ائی ڈی پولیس تھانے میں چھاپہ مارکر ایس پی سی آئی ڈی اور دو ڈی ایس پی سمیت پانچ افراد کو گرفتارکیا تھا۔ اس حوالے سے انکوائری اور تحقیقات کے بعد یہ حقائق سامنے آئی کہ ایس پی سی آئی ڈی طارق منظور، ڈی ایس پی قطب اور ڈی ایس پی بلال، دالبندین کے رہائشی عبدالقدوس کے اغوا میں ملوث تھے اورتاوان کیلئے طلب کی گئی رقم میں کچھ رقم بھی ان افسران سے برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس کے ان تینوں افسران کے خلاف بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے جبکہ ان کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میر زبیر نے بتایا کہ اس واقعہ کے حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان نے سی سی پی او کوئٹہ کی سربراہی میں ایک جوائنٹ انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور ایف سی کو پولیس کے مکمل اختیارات بھی ہیں ۔