24 جنوری ، 2024
ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی الیکٹیبلز نے سیاست چند خاندانوں تک محدود کردی ہے،گیلانی اور قریشی خاندانوں کے ساتھ ساتھ دیگر کئی خاندانوں نے بھی اس الیکشن میں اپنے جانشینوں کو متعارف کرایا ہے۔
دنیا بھر میں سیاسی جماعتوں میں نئے چہرے نئی امنگوں اور امیدوں کو لےکر آتے ہیں لیکن پاکستان کی سیاست میں نئے چہرے صرف وراثتی سیاست میں ہی سامنے آتے ہیں۔
این اے 149 میں سابق سینیٹر ملک صلاح الدین ڈوگر کے بیٹے اور پی ٹی آئی کے امیدوار عامر ڈوگر جب کہ انہی کے بھائی عثمان ڈوگر پی پی 215 اور 216 سے آزاد امیدوار ہیں، ان کے تیسرے بھائی عدنان ڈوگر صوبائی اسمبلی پی پی 216 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ملتان کے حلقہ این اے 148 سے مہے خاندان کے تین امیدوار جن میں پی ٹی آئی کے بیرسٹر تیمور مہے، آئی پی پی کے قیصر محمود مہے اور پی ٹی آئی کے رکن آزاد امیدوار ثاقب محمود مہے بھی میدان میں ہیں۔
این اے 152 سے ن لیگ کے امیدوار جاوید علی شاہ الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کے بیٹے زین شاہ بھی اسی حلقے سے آزاد امیدوار ہیں۔
54 لاکھ سے زائد آبادی والے شہر ملتان کے باسیوں کا کہنا ہے کہ وہ اسی امیدوار کو منتخب کریں گے جو ان کے دیرینہ مسائل کو حل کرےگا۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ الیکشن میں نئی نسل خاص طور پر مڈل کلاس سے نوجوان سامنے آنے چاہئیں۔