25 جنوری ، 2024
بھارتی خاتون نے ہنی مون پر گوا کی بجائے ایودھیا لے جانے پر شوہر سے طلاق کی درخواست دائر کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی خاتون نے شوہر کا ہنی مون کیلئے گوا لے کر جانے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر اس سے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور شادی کے صرف 5 ماہ بعد ہی عدالت پہنچ گئی۔
خاتون نے عدالت میں بتایا کہ شوہر آئی ٹی ایکسپرٹ ہے اور میں خود بھی ملازمت پیشہ خاتون ہوں اور ہم دونوں اچھے پیسے کمالیتے ہیں، مالی طور پر مستحکم ہونے کی وجہ سے پہلے ملک سے باہر جا کر ہنی مون کا پلان بنایا تھا لیکن شوہر نے کہا والدین کی دیکھ بھال کی وجہ سے وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتا لیکن اس نے ہنی مون کے لیے گوا لے جانے کا وعدہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد میں شوہر نے اپنی بیوی کو بتائے بغیر گوا کے بجائے ایودھیا اور وارنسی کے لیے فلائٹ بک کروائی، اس نے بیوی کو سفر سے صرف ایک دن پہلے بدلے ہوئے منصوبے سے متعلق آگاہ کیا کہ وہ ایودھیا جا رہے ہیں کیونکہ اس کی والدہ رام مندر کی تقدیس کی تقریب سے قبل وہاں جانا چاہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے جانے سے پہلے کوئی اعتراض نہ کیا لیکن وہ جیسے ہی ٹرپ سے واپس آئی اس نے طلاق کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا اور مؤقف اپنایا کہ اس کا شوہر بیوی سے زیادہ والدین کی بات سنتا ہے جو رشتے میں مسائل پیدا کرتے ہیں جبکہ شوہر نے عدالت میں اپنا مؤقف پیش کیا کہ اس کی بیوی چھوٹی چھوٹی باتوں کا مسئلہ بنا لیتی ہے۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد جوڑے کو معاملہ آپس میں بات چیت سے حل کرنے کی ہدایت کر دی۔