25 فروری ، 2024
ورزش کو اچھی صحت کے لیے بہت اہم قرار دیا جاتا ہے اور مردوں کے مقابلے میں خواتین کو اس سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
انسٹیٹیوٹ فار ریسرچ آن ہیلتھی ایجنگ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ 50 فیصد کم ورزش کرنے سے بھی خواتین کی صحت کو مردوں جتنا فائدہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 27 سے 61 سال کی عمر کے 4 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا اور 1997 سے 2019 تک مختلف سرویز کے ذریعے ان کی صحت کے بارے میں ڈیٹا جمع کیا گیا۔
اس عرصے میں لگ بھگ 40 ہزار افراد کا انتقال ہوا جن میں سے 11 ہزار سے زائد افراد امراض قلب سے ہلاک ہوئے۔
تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک ورزش کرنے والی خواتین میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 24 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک ورزش کرنے والے مردوں میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
اسی طرح 150 منٹ تک ورزش کرنے والی خواتین میں ہارٹ اٹیک، فالج یا دل سے جڑے کسی اور مرض کا خطرہ 36 فیصد تک کم ہوتا ہے جبکہ ورزش کرنے والے مردوں میں یہ خطرہ صرف 14 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
مجموعی طور پر مردوں کو موت کا خطرہ خواتین جتنا کم کرنے کے لیے ہر ہفتے کم از کم 300 منٹ ورزش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق یہ مشاہداتی تحقیق تھی اور نتائج کو حتمی نہیں قرار دیا جا سکتا۔
تحقیق میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ خواتین کو کم ورزش کے باوجود زیادہ فائدہ کیوں ہوتا ہے۔
مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ جسمانی سرگرمیاں اچھی صحت کے لیے اہم ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ورزش کرنے کے لیے خرچے کی ضرورت نہیں، بس وقت نکالنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق ہر قسم کی ورزش سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور کم وقت تک ورزش کرنے سے بھی خود کو صحت مند رکھنا ممکن ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی میں شائع ہوئے۔