27 جنوری ، 2013
اسکردو…اسکردو کے دریائے برالدو میں گرنے والے مٹی کے تودہ کا 70 فیصد حصہ پانی میں بہہ گیا ہے، جس کے بعد جھیل سے پانی کا اخراج مکمل ہوگیا ہے۔ اسکردو کے سب ڈویژن شگر کے نواحی علاقے ”ہوتو“ کے مقام پر 23 جنوری کی شب تین بجے اچانک ایک بڑا سا مٹی کا تودہ دریائے برالدو میں گر گیا تھا، مٹی کا تودہ ساڑھے تین سو فٹ بلند اور 8 سو فٹ چوڑا تھا، جس کے گرتے ہی دریا کا بہاوٴ رک گیا اور ایک مصنوعی جھیل وجود میں آگئی، تین دن کے دوران جھیل میں پانی کی سطح 140 فٹ تک بلند ہوگئی۔ جھیل کے ایک حصے سے پانی باہرنکلنا شروع ہوگیا اور پانی کی سطح 140 فٹ پر آکر رک گئی۔ پانی کے مسلسل اخراج کے باعث مٹی کا تودہ دباوٴ برداشت نہیں کرسکا اور پانی میں بہہ گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری اسد اللہ کے مطابق مٹی کا 70 فیصد تودہ پانی میں بہہ گیا ہے اور جھیل سے پانی کا اخراج مکمل ہوگیا ہے۔ کمشنر بلتستان قمر شہزاد کا کہنا ہے کہ پانی کے اخراج سے قریبی آبادیوں کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے، کے ٹو روڈ کو کل دوپہر 12 بجے تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔