جہاز میں دو ہم شکلوں کی حیران کن ملاقات، مشاغل بھی ایک جیسے نکلے

ہم شکلوں کی ملاقات کا اتفاق بنکاک کی فلائٹ میں ہوا جہاں مارک گارلینڈ نامی دو مسافروں کی سیٹیں ساتھ تھیں/ فائل فوٹو
ہم شکلوں کی ملاقات کا اتفاق بنکاک کی فلائٹ میں ہوا جہاں مارک گارلینڈ نامی دو مسافروں کی سیٹیں ساتھ تھیں/ فائل فوٹو

آپ نے بہت سے ہم شکل دیکھیں ہوں گے لیکن کسی ایسے ہم شکل کے بارے میں نہیں سنا ہوگا جن کا اتفاقاً نام بھی ایک جیسا ہے اور پسندیدہ مشغلوں کے ساتھ ساتھ دوست بھی ایک ہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہم شکلوں کی ملاقات کا اتفاق بنکاک کی فلائٹ میں ہوا جہاں مارک گارلینڈ نامی دو مسافروں کی سیٹیں ساتھ تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایسے پیش آیا کہ 58 سالہ بس ڈرائیور مارک گارلینڈ کو کہا گیا کہ آپ پہلے ہی انگلیڈ کے ہیتھرو ائیرپورٹ چیک ان کر چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اپنی فلائٹ لینے میں بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا لیکن جب وہ جہاز میں اپنی سیٹ پر جا کر بیٹھے تو وہ اپنے ہم شکل کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مارک گارلینڈ نے اپنے ہم شکل سے نام دریافت کیا تو ان کا نام مار گارلینڈ ہی تھا جن کی عمر 62 سال اور پیشے کے اعتبار سے وہ بلڈر تھے، ساڑھے 11 گھنٹے کی فلائٹ میں دونوں کے درمیان گفتگو جاری رہی اور انہوں نے  مماثلتیں دریافت کیں۔

وہ دونوں 15 میل کے فاصلے پر رہتے ہیں جب کہ بلڈر مارک نے اکثر ڈرائیور مارک کے ساتھ سفر بھی کیا ہے، اس کے علاوہ دونوں کا ایک مشترکہ دوست بھی ہے۔

حیرت کی بات تو یہ ہے کہ دونوں کے 4،4 بچے بھی ہیں اور دونوں کی اہلیہ ان کے ساتھ موجود نہیں۔

ڈرائیور مارک کی اہلیہ دنیا سے کوچ کرچکی ہیں جس کے بعد انہوں نے شادی نہیں کی جب کہ بلڈر مارک اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور دونوں اپنے بچوں کی پرورش خود کرتے ہیں۔