پاکستان
27 جنوری ، 2013

صوبوں سے متعلق کمیشن کو 2 صوبے بنانے کا مینڈیٹ ملا تھا، چوہدری نثار

صوبوں سے متعلق کمیشن کو 2 صوبے بنانے کا مینڈیٹ ملا تھا، چوہدری نثار

اسلام آباد … قائدِ حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ صوبے بنانے والے کمیشن کو 2صوبے بنانے کا مینڈیٹ دیا گیا تھا، گورنر پنجاب نے عہدے کی خاطر بہاولپور صوبے کا مطالبہ بیچ دیا، نگراں سیٹ اپ پرتمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی صوبہ بنانے میں مخلص نہیں ہے، ہم سے مشاورت نہیں کی گئی اور خود ساختہ کمیشن بنادیا گیا، صوبوں سے متعلق بنائے گئے کمیشن کا سربراہ صدر کا اسٹاف آفیسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پنجاب میں اکثریت تھی اس کے باوجود مشاورت نہیں کی گئی، ہمارے ممبران کو ہم سے پوچھے بغیر اس کمیشن میں ڈالا گیا، صوبے بن جاتے تو پی پی کے پاس اگلے انتخابات کیلئے کوئی کارڈ نہ ہوتا، پیپلز پارٹی سارے مسئلے کا ملبہ ن لیگ پر ڈالناچاہتی ہے۔ چوہدری نثار کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے کراچی میں صاف الیکشن سے متعلق فیصلوں کی تائید کریں گے، سپریم کورٹ کے مطابق فوج الیکشن کمیشن کی ٹیم کے ساتھ ہوگی، نگراں سیٹ اپ پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے، سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف گرینڈ الائنس بنا کر ون آن ون مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے متعلق کمیشن کو 2 صوبے بنانے کا مینڈیٹ دیا گیا تھا، گورنر پنجاب نے عہدے کی خاطر بہاولپور صوبے کا مطالبہ بیچ دیا، گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، بیٹے بھی پی پی میں شامل ہوگئے۔

مزید خبریں :