پاکستان
28 جنوری ، 2013

کراچی پولیس کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کا امکان

کراچی پولیس کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کا امکان

کراچی…کراچی پولیس کے انتظامی ڈھانچے کو 24گھنٹوں کے دوران تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔متوقع نظام کے تحت ضلع ایس ایس پی کی اسامی کو بحال کرتے ہوئے 5ایس ایس پیز کو تعینات کیا جائے گاجبکہ انویسٹی گیشن اور آپریشن کو براہ راست ضلع ایس ایس پی کے ماتحت کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث موجودہ نظام کو 24گھنٹوں کے اندر تبدیل کیے جانے امکان ہے۔ متوقع نظام کے تحت شہر کی 20ڈویژنل اسامیوں کو کم کر کے 10 کردیاجائے گا اور 5اضلاع کو بحال کرتے ہوئے ایس ایس پی رینک کے افسر کو تعینات کیا جائے گا۔ ڈویژنل ایس پیز ضلع ایس ایس پی کے ماتحت ہوں گے جبکہ زونل ڈی آئی جیز کی اسامی برقرار رہے گی۔ ایسٹ زون میں ضلع ایسٹ اور ضلع ملیر ہوں گے۔ ویسٹ زون میں ضلع سینٹرل اور ویسٹ ہوں گے جبکہ ساوٴتھ زون کو بھی نئے نظام کے تحت دو اضلاع میں تقسیم کیے جانے کا امکان ہے، نئے نظام میں ضلع انویسٹی گیشن ایس پی کی اسامی کو بھی ختم کیے کا امکان ہے اور ضلع ایس ایس پی آپریشن اور انویسٹی گیشن کا سربراہ ہوگا۔ ضلع ایس ایس پی نظام کو قانونی اور انتظامی ماہرین اچھا نظام قرار دیتے ہیں کیونکہ اس میں چین آف کمانڈ ایک ہوتی ہے جس سے بر وقت فیصلہ سازی میں مدد ملتی ہے اور نفری کی کمی کے باوجود مسائل سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :