28 جنوری ، 2013
اسلام آباد…وزارت ہاوٴسنگ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں واپڈا، پوسٹ آفس، پی ٹی سی ایل اور پولیس سمیت مختلف اداروں کے 1090 افراد کو غیر قانونی طور پر گھر الاٹ کیئے گئے۔سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے ہاوٴسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس عبدالنبی بنگش کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہو ا، وزارت ہاوٴسنگ کے حکام نے بتایا کہ پولیس نے 184 گھروں پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، گھر خالی کرانے کی کوشش کی تاہم الاٹیوں نے حکم امتناع لے رکھے ہیں۔ عبدالنبی بنگش کا کہنا تھا کہ سب کچھ اسٹیٹ آفس کی ملی بھگت سے ہو رہا ہے ، ہاوٴسنگ اینڈ ورکس کے وزیر کبھی کمیٹی میں نہیں آئے، ان کے خلاف تحریک استحقاق لائی جائے گی۔ سیکریٹری ہاوٴسنگ نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے 19 اکتوبر 2011 کے فیصلے کے بعد کوئی گھر میرٹ سے ہٹ کر الاٹ نہیں کیا گیا۔ کمیٹی اجلاس میں کئی الاٹی بھی پہنچ گئے اور بتایا کہ ایک گھر دو دو لوگوں کو الاٹ کیا گیا ہے۔ اس پر کمیٹی کے رکن ظفر علی شاہ نے کہا کہ دہری الاٹ منٹ کیسے ہوئی، ذمہ داروں کا پیچھا کرایا جائے، اصل الاٹی دھکے کھا رہے ہیں جب کہ جعلی الاٹیز مزے اڑا رہے ہیں۔