28 جنوری ، 2013
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ پر امن جدوجہد سے کسی طور دستبردار نہیں ہوں گے، منظم سازش کے تحت آج بھی ہمارے گلی محلے بنیادی ضروریات زندگی سے یکسر محروم ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ہماری سیاسی جدوجہد کو جرم بنادیا گیا ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارا راستہ ہر گز نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کی خاطر کڑوے گھونٹ پینے کو تیار ہیں، پہلے بھی سخت ترین فیصلے کئے تھے اور آئندہ بھی کریں گے۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ اقتدار کے بجائے قومی مفادات اور حقوق کا تحفظ ہماری اولین تر جیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل شفافیت سے قطعی عاری ہے، اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کیا جارہا ہے، اپنے شہداء کی قربنانیوں کو کسی طور رائیگاں نہیں جانے دیں گے، تمام معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے کسی انتہائی اقدام سے ہر گز گریز نہیں کریں گے۔