190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس: نیب گواہ کے بیان پر جرح مکمل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی ہوگئی۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، جس میں وکلاء صفائی کی نیب گواہ سیکشن آفیسر کیبنٹ ڈویژن کے بیان پر جرح مکمل ہوگئی۔

ریفرنس میں مجموعی پر 10گواہان کی شہادت ریکارڈ ہوچکی ہے جبکہ 5 پر جرح مکمل ہو گئی ہے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

 دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ میں ساتویں گواہ پر جرح جاری ہے، گواہ نے عدالت میں مان لیا کہ سرکار کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ گواہ نے عدالت میں مان لیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی فائدہ نہیں لیا، ہم اپنا مینڈیٹ لینے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔