بے خوابی کے مسئلے سے بچنے کا آسان طریقہ جانیں

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

بے خوابی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔

مگر نیند کی کمی کا مسئلہ دائمی شکل اختیار کرلے تو موٹاپے، امراض قلب اور ڈپریشن جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اس مسئلے سے بچنا بہت آسان ہے، بس ہر ہفتے کم از کم 2 دن ورزش کرنا عادت بنا لیں۔

جرنل بی ایم جے اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کرنے کے عادی افراد میں بے خوابی سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 9 یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے 4339 افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان افراد سے تحقیق کے آغاز میں ورزش کرنے کے دورانیے کو معلوم کیا گیا اور یہی سوالات ایک دہائی بعد دوبارہ پوچھے گئے۔

ان افراد سے بے خوابی کی علامات کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کی گئی تھیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر ہفتے 2 یا اس سے زائد بار ورزش کرنے والے افراد میں بے خوابی کی علامات کا خطرہ 22 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

اسی طرح طویل المعیاد بنیادوں پر ورزش جاری رکھنے والے افراد میں بے خوابی کے مسئلے کا خطرہ 55 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جسمانی طور پر متحرک افراد کی نیند کا دورانیہ بھی 6 سے 9 گھنٹے ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ حال ہی میں ورزش شروع کرنے والے افراد میں بھی بے خوابی کے مسئلے کا خطرہ 21 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیاں ہماری جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں جیسے نیند بہتر ہو جاتی ہے جبکہ تناؤ اور انزائٹی سے بچنا ممکن ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ورزش کرنے سے بے خوابی سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے مگر یہ فائدہ اس وقت ختم ہو جاتا ہے جب لوگ ورزش کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔