29 جنوری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلئے حتمی ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔ صدر،گورنرز اور نگران حکومت کے ارکان بھی انتخابی حلقوں کا دورہ نہیں کر سکیں گے،خواتین کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے روکنے اور میڈیا پر دباوٴ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی،خلاف ورزی کرنیوالے امیدواروں کو نااہل قرار دیا جاسکے گا۔ نیا 46 نکاتی ضابطہ اخلاق سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ سرکاری اخراجات سے اشتہارات ،پولنگ کے دن اور اگلے روز اسلحہ کی نمائش یا فائرنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔ پولنگ اسٹیشنز سے 4 سو گز تک ووٹ مانگنے اور سو گز کے اندر پوسٹرز آویزاں کرنے پر پابندی ہوگی۔پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولنگ کیمپس نہیں لگائے جاسکیں گے۔پوسٹرز،بینرز اور ہورڈنگز مقررہ سائز کے مطابق ہوں گے،جس پر عمل درآمد کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز پر ہوگی۔ گاڑیوں کی ریلیوں اور جلسوں کے علاوہ لاوڈ ا سپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتخابی شیڈول جاری ہونے سے نتائج مکمل ہونے تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے ا ور وہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے کو موقع پر سزا سنا سکیں گے۔ وزیر اعظم ، وزرائے اعلی، وزراء، نگران حکومت کے تمام عہدے داروں کے علاوہ اب صدر اور گورنرز بھی انتخابی حلقوں کا دورہ نہیں کر سکیں گے۔خواتین کو انتخابی عمل میں حصہ لینے یا ووٹ ڈالنے سے روکنے اور میڈیا پر دباوٴ ڈالنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کو نااہل قرار دیا جاسکے گا۔