02 اپریل ، 2024
ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کی بقا کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔
اب انہوں نے ایک بار پھر اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کی بقا کے لیے خطرہ تو قرار دیا ہے، مگر ان کے خیال میں آگے بڑھنے کے لیے یہ خطرہ مول لینا ضروری ہے۔
ایک کانفرنس کے دوران ایلون مسک نے اے آئی ٹیکنالوجی کے خطرات پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ 'میں لوگوں کے اس تخمینے سے اتفاق کرتا ہوں کہ ایسا 10 یا 20 فیصد امکان ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی انسانیت کا خاتمہ کر دے گی'۔
مگر انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میرے خیال میں ممکنہ مثبت منظر نامے کا وزن منفی منظرنامے سے زیادہ ہے'۔
ایلون مسک نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اے آئی سے لاحق خطرے کی شرح کا تعین کیسے کیا۔
البتہ انہوں نے کہا کہ 2030 تک اے آئی ٹیکنالوجی لوگوں سے زیادہ ذہین ہوگی اور اسی لیے ہمیں ٹیکنالوجی کے منفی اثرات کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اے آئی کو ہمیشہ سچ بولنے اور پرتجسس رہنے کی تربیت دیں۔
ایلون مسک کے مطابق اے آئی کے خطرات سے انسانیت کو محفوظ رکھنے کے لیے ان کا منصوبہ بہت سادہ ہے، بس یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اے آئی ہمیشہ سچ بولے، کیونکہ اگر اس نے جھوٹ بولنا سیکھ لیا تو پھر اسے روکنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
اس سے قبل نومبر 2023 میں اے آئی سیفٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کے وجود کے لیے خطرہ ہے، کیونکہ تاریخ میں پہلی بار انسانوں کا سامنا خود سے زیادہ ذہین حریف سے ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم دیگر مخلوقات سے زیادہ طاقتور یا تیزرفتار نہیں، مگر ہم ان سے زیادہ ذہین ہیں، تاہم اب انسانی تاریخ میں پہلی بار ہمیں خود سے زیادہ ذہین چیز کا سامنا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے نہیں معلوم کہ ہم اس طرح کی چیز پر کنٹرول کر سکتے ہیں یا نہیں، مگر میرے خیال میں ہمیں اس کی راہ کا تعین کرنا چاہیے جو انسانیت کے لیے مفید ہوگا'۔
ایلون مسک نے کہا کہ 'میرا خیال ہے کہ یہ انسانیت کی بقا کو لاحق بڑے خطرات میں سے ایک ہے اور اگر ہم اے آئی ٹیکنالوجی کی پیشرفت دیکھیں تو یہ ممکنہ طور پر سب سے بڑا خطرہ ہے'۔