ایپل کا گھروں میں کام کرنے والے روبوٹس تیار کرنے پر غور

ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو

ایپل کو آئی فون، آئی پیڈ اور میک کمپیوٹر کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے۔

مگر بہت جلد یہ کمپنی گھروں میں کام کرنے والے روبوٹس بھی تیار کرے گی۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق الیکٹرک گاڑی تیار کرنے کے پراجیکٹ کو ختم کرنے کے بعد ایپل کی جانب سے روبوٹس کی تیاری کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کے ماہرین ایک ایسے روبوٹ کی تیاری پر کام کر رہے ہیں جو گھر کے اندر صارفین کے پیچھے گھوم سکے گا۔

اسی طرح ایک ایسی ٹیبل ٹاپ ڈیوائس پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو کسی ڈسپلے اسکرین کو ایڈجسٹ کرے گی۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے لگ بھگ ایک دہائی سے الیکٹرک گاڑی کی تیاری پر کام کیا جا رہا تھا مگر فروری 2024 میں کمپنی نے منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایپل کی جانب سے گاڑی کی تیاری کا مقصد نئی مارکٹس میں قدم رکھنا تھا اور اسے ختم کرتے ہوئے کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

حالیہ برسوں میں اس کمپنی نے پراڈکٹس اور سروسز جیسے ایپل واچ اور ویژن پرو ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ پر کافی زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کے انجینئرنگ ڈویژن اور اے آئی ڈویژن کی جانب سے روبوٹس کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔

یہ پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی روبوٹس کی تیاری پر کافی کام کر رہی ہیں۔

ایمازون، ٹیسلا اور متعدد کمپنیوں کی جانب سے ایسے روبوٹس کو تیار کیا جا رہا ہے جن کو گھریلو کاموں کے ساتھ دفتری امور کے کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :