جی میل میں کارآمد فیچر کا اضافہ

ایک رپورٹ میں اس فیچر کے بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو
ایک رپورٹ میں اس فیچر کے بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

اگر آپ ای میلز کے لیے گوگل کی سروس جی میل استعمال کرتے ہیں تو اس میں نیا اضافہ ضرور پسند آئے گا۔

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز کے لیے جی میل ایپ میں ہیلپ می رائٹ نامی فیچر کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے۔

یہ فیچر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے ای میلز کو ڈرافٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ابھی صارفین اے آئی بوٹ کو تحریری ہدایات دے کر اپنی مرضی کی ای میلز لکھواتے ہیں۔

مگر مستقبل قریب میں آپ کو کی بورڈ چھونے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی کیونکہ آپ صرف بول کر ہی یہ کام کر سکیں گے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق جی میل ایپ میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

ڈرافٹ ای میل ود یور وائس نامی اس فیچر کے ذریعے آپ ای میل کے لیے ہدایات بول کر دے سکیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے جی میل ایپ میں ایک اے آئی بوٹ کا اضافہ کیا جائے گا جو آڈیو ہدایات کو مدنظر رکھ کر ای میل کو تحریر کرکے ڈرافٹ کر دے گا۔

وائس ٹائپنگ انٹرفیس خودکار طور پر ایک بڑا مائیک بٹن اسکرین پر اس وقت اوپن کر دے گا جب آپ ایک نئی ای میل تحریر کرنا شروع کریں گے یا کسی ای میل پر ریپلائی کریں گے۔

اس بٹن پر کلک کرکے آپ اپنی ہدایات ریکارڈ کریں گے اور اس کے بعد Create بٹن پر کلک کریں گے تاکہ اے آئی ٹیکنالوجی ای میل ڈرافٹ کر سکے۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ گوگل کی جانب سے یہ فیچر کب تک اینڈرائیڈ فونز میں موجود جی میل ایپ کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

ابھی ہیلپ می رائٹ فیچر بھی امریکا میں گوگل ورک اسپیس لیبز صارفین تک محدود ہے اور صرف انگلش ہدایات پر کام کرتا ہے۔

مزید خبریں :