Time 06 فروری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

جی میل اب واٹس ایپ کی طرح بننے کیلئے تیار

اس فیچر کی آزمائش نومبر 2023 سے کی جا رہی تھی / فائل فوٹو
اس فیچر کی آزمائش نومبر 2023 سے کی جا رہی تھی / فائل فوٹو

گوگل کی مقبول ترین سروس جی میل اب کسی حد تک واٹس ایپ کی طرح محسوس ہونے لگے گی۔

جی ہاں گوگل کی جانب سے جی میل کی اینڈرائیڈ ایپ میں ایک نیا چیٹ اسٹائل ریسپانس انٹرفیس متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر سے جی میل کی ای میلز پر ریپلائی کرنے کا تجربہ کسی میسجنگ ایپ جیسا ہو جائے گا۔

ابھی جی میل پر جب کسی ای میل پر ریپلائی کیا جاتا ہے تو ایک نئی ریپلائی ونڈو اوپن ہوتی ہے جس میں اوپر موجود تفصیلات ٹکڑوں میں نظر آتی ہیں۔

مگر اس نئے فیچر سے جب آپ ریپلائی بٹن پر کلک کریں گے تو اوپر موجود ای میل واٹس ایپ میسج پر ریپلائی کی طرح نظر آئے گی۔

اس سے ای میل پر موجود پیغام کو پڑھ کر اس پر جواب دینے میں مدد ملے گی اور یہ یاد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ ای میل میں کیا لکھا تھا۔

اس طرح کا ڈیزائن اب تک میسجنگ ایپس جیسے واٹس ایپ میں ہی نظر آتا ہے۔

گوگل کے اس نئے ریپلائی باکس کی آزمائش نومبر 2023 سے کی جا رہی تھی اور اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ گوگل کی جانب سے جی میل میں انسٹنٹ میسجنگ جیسا تجربہ صارفین کو فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اینڈرائیڈ پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق نیا چیٹ ریپلائی باکس اب جی میل ایپ کا لازمی حصہ بن جائے گا۔

خیال رہے کہ گوگل کی جانب اینڈرائیڈ فونز کے لیے جی میل ایپ میں ہیلپ می رائٹ نامی فیچر کو بھی زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے۔

یہ فیچر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے ای میلز کو ڈرافٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ابھی صارفین اے آئی بوٹ کو تحریری ہدایات دے کر اپنی مرضی کی ای میلز لکھواتے ہیں۔

مگر مستقبل قریب میں آپ کو کی بورڈ چھونے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی کیونکہ آپ صرف بول کر ہی یہ کام کر سکیں گے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق جی میل ایپ میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

ڈرافٹ ای میل ود یور وائس نامی اس فیچر کے ذریعے آپ ای میل کے لیے ہدایات بول کر دے سکیں گے۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ گوگل کی جانب سے یہ فیچر کب تک اینڈرائیڈ فونز میں موجود جی میل ایپ کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :