Time 21 اپریل ، 2024
جرائم

ڈیفنس کراچی میں گھرکی دہلیز پر دوست کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

درخشاں تھانے میں قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے— فوٹو: فائل
درخشاں تھانے میں قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے— فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھرکی دہلیز  پر دوست کی فائرنگ سے نوجوان ہمایوں داؤد جاں بحق ہوگیا۔

درخشاں تھانے میں ملزم فہد خان کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مدعی ہمام جاوید نے بتایا کہ ہم دوست احمد زمان، ثاقب، آصف اور فہد خان، ہمایوں داؤد کے ساتھ بیٹھے تھے کہ اس دوران  فہد خان اور ہمایوں داؤد میں تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھاپائی تک پہنچ گئی۔

مدعی کے مطابق ہم دوستوں نے معاملےکو حل کروایا  اور  جانے لگے، احمد زمان اور میں ہمایوں داؤد کے ساتھ جانے کے لیےگاڑی میں بیٹھ گئے، اسی دوران فہد خان اچانک آیا اور گاڑی پر فائرنگ کردی۔

مدعی نے بتایا کہ فائرنگ سے میں اور  ہمایوں داؤد زخمی ہوئےاور گھرروانہ ہوئے، فہدخان پھر اپنی گاڑی میں آیا اور ہمایوں کی گاڑی کو ٹکر مار دی، فہد خان گاڑی سے اترا اور ہمایوں پر فائرنگ شروع کردی۔

مدعی کے مطابق فہدخان، ہمایوں داؤد پر فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا، فائرنگ کی آواز سن کر ہمایوں داؤد کی اہلیہ اور والدہ گھر سے باہر آگئیں۔

پولیس کے مطابق ہمایوں کوپہلے نجی اسپتال اور  پھرجناح اسپتال لایا گیا مگر وہ دم توڑ گیا، واقعہ ذاتی رنجش کا معلوم ہوتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فہد خان اپنےاہل خانہ کےہمراہ فرار ہوگیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول اور قاتل دونوں بزنس مین ہیں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 15 سے زائد خول ملے ہیں۔

مزید خبریں :