Time 22 اپریل ، 2024
صحت و سائنس

کیا تربوز کے بیج کھانے سے کوئی نقصان تو نہیں ہوتا؟

تربوز اس موسم کا بہترین پھل ہے / فائل فوٹو
تربوز اس موسم کا بہترین پھل ہے / فائل فوٹو

تربوز وہ پھل ہے جس کو اس موسم میں بیشتر افراد بہت زیادہ شوق سے کھاتے ہیں۔

مگر اس پھل میں بیجوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے اور اگر کوئی فرد سے اسے کھالے تو کیا ہوتا ہے؟

ویسے تو تربوز کے بیجوں کے حوالے سے کافی افواہیں موجود ہیں مگر حقیقت تو یہ ہے کہ انہیں کھانے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔

درحقیقت تربوز کے بیج کھانے سے صحت کو فائدہ ہی ہوتا ہے۔

جی ہاں واقعی تربوز کے بیج صحت کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ مفید ہوتے ہیں جن میں متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔

ان کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

میگنیشم کا حصول

تربوز کے بیجوں میں میگنیشم جیسے مفید غذائی جز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

4 گرام بیجوں سے 21 ملی گرام میگنیشم جسم کو ملتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کے 5 فیصد حصے کے برابر ہے۔

میگنیشم ہمارے جسم کے میٹابولک افعال کے لیے ضروری ہوتا ہے جبکہ اعصاب اور مسلز کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام، دل اور ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی اہم ہوتا ہے۔

آئرن

تربوز کے بیجوں میں آئرن کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ غذائی جز صحت مند ہیموگلوبن کے لیے اہم ہوتا ہے۔

ہیموگلوبن جسم کے ہر حصے میں آکسیجن پہنچانے کا کام کرتا ہے جبکہ غذائی کیلوریز کو توانائی میں بدلنے میں جسم کی مدد کرتا ہے۔

صحت کے لیے مفید چکنائی

یہ بیج صحت کے لیے مفید چکنائی اور فیٹی ایسڈز کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق تربوز میں موجود چکنائی دل کی صحت کو بہتر بناکر ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم کرتی ہے جبکہ خون میں کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے۔

زنک

تربوز کے بیج زنک کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہیں۔

یہ غذائی جز مدافعتی نظام کے لیے اہم ہوتا ہے جبکہ جسم کے اعصابی اور ہاضمے کے نظاموں کے افعال میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :