وہ منفرد کشتی جو آبدوز کی شکل اختیار کرسکے گی

یہ اس کشتی کا کانسیپٹ ڈیزائن ہے / فوٹو بشکریہ Migaloo
یہ اس کشتی کا کانسیپٹ ڈیزائن ہے / فوٹو بشکریہ Migaloo

آسٹریلیا کی ایک کمپنی نے ایسی سپر یاٹ یا کشتی تیار کرنے کے منصوبے پر کام شروع کیا ہے جو آبدوز کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

Migaloo نامی کمپنی کی جانب سے یہ منفرد آبدوز تیار کی جا رہی ہے۔

اس سپر یاٹ کو ایم 5 کا نام دیا گیا ہے جس کی لمبائی 165 میٹر جبکہ چوڑائی 23 میٹر ہوگی۔

پانی کی سطح پر وہ 20 ناٹ جبکہ زیرآب  12 ناٹ کی رفتار سے سفر کرے گی۔

مجموعی طور پر وہ 15 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکے گی اور کمپنی کے مطابق ہائبرڈ اور کشتی کے اس امتزاج کا بیرونی ڈیزائن دنگ کر دینے والا ہوگا جبکہ اندر سے اسے مالک کی مرضی کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا۔

اس میں ہیلی پیڈ، سوئمنگ پول، جم، آرٹ گیلری، سنیما اور دیگر متعدد سہولیات دستیاب ہوں گی۔

پانی کے اندر اس کی شکل ایسی ہوگی / فوٹو بشکریہ Migaloo
پانی کے اندر اس کی شکل ایسی ہوگی / فوٹو بشکریہ Migaloo

کمپنی نے بتایا کہ سپر یاٹ کے مالکان کی حفاظت کے لیے امریکی کمپنی کے اشتراک سے سکیورٹی سسٹمز کو نصب کیا جائے گا اور یہ کسی قلعے سے کم نہیں ہوگی۔

ابھی اس کی قیمت کے بارے میں تو تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں مگر تمام تر سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی قیمت 2 ارب ڈالرز سے شروع ہوگی۔

اس کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے گا تاکہ پانی کے اندر مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

ابھی یہ معلوم نہیں کہ یہ کانسیپٹ سواری کب تک حقیقت کی شکل اختیار کر سکے گی۔

مزید خبریں :