Time 07 مئی ، 2024
صحت و سائنس

بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا جوانی میں امراض قلب کا شکار بناتا ہے، تحقیق

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

موجودہ عہد میں بچے کھیل کود کی بجائے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، مگر یہ عادت جوانی میں دل کی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے بچوں کے دلوں کو قبل از وقت نقصان پہنچتا ہے۔

تحقیق کے مطابق بچپن میں جتنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارہ جائے گا، جوانی میں امراض قلب کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امراض قلب کے نتیجے میں ہوتی ہیں۔

دل کی صحت سے جڑے مسائل بشمول ہارٹ اٹیک، دل کی دھڑکن کی رفتار میں بے ترتیبی یا اس عضو کے مختلف حصوں کو پہنچنے والے ہر قسم کے نقصان کے لیے امراض قلب کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

ایسا تصور کیا جاتا ہے کہ امراض قلب کا سامنا بڑھاپے یا کم از کم درمیانی عمر میں ہوتا ہے۔

مگر حالیہ برسوں میں جوان افراد میں دل کے امراض کی شرح میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔

اس تحقیق میں جوان افراد میں امراض قلب کے پھیلاؤ میں اضافے کی ایک اہم وجہ پر روشنی ڈالی گئی۔

اس تحقیق میں 1990 کی دہائی میں 1682 بچوں کو شامل کیا گیا اور پھر ان کی صحت کا جائزہ 24 سال کی عمر تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ دن بھر میں9 گھنٹے بیٹھ کر گزارنے سے جوانی میں دل کے حجم میں اضافے کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

دل کے حجم میں اضافے سے ہارٹ اٹیک، فالج اور قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بیٹھنے کا وقت جتنا زیادہ ہوگا، موٹاپے یا ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

مگر دن بھر میں 4 گھنٹے کی ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں جیسے چہل قدمی یا دوستوں کے ساتھ کھیلنے سے یہ خطرہ ریورس کیا جا سکتا ہے۔

محققین کے مطابق شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ بچپن میں بیٹھ کر وقت گزارنے سے دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس لیے ضروری ہے کہ بچوں میں جسمانی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف Preventive Cardiology میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :