Time 24 مئی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل کے اے آئی سرچ ٹول کی جانب سے صارفین کو عجیب جوابات دیے جانے کا انکشاف

گوگل کے اے آئی سرچ ٹول کی جانب سے صارفین کو عجیب جوابات دیے جانے کا انکشاف
یہ اے آئی ٹول گزشتہ دنوں متعارف کرایا گیا تھا / رائٹرز فوٹو

گوگل سرچ میں گزشتہ دنوں اے آئی اوور ویوز نامی فیچر کا اضافہ کیا گیا تھا۔

آرٹی فیشل انٹیلی جنس جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اس فیچر میں صارفین کو سرچ رزلٹس کے ساتھ مختلف جوابات بھی دیے جاتے ہیں۔

مگر اس اے آئی ٹول نے صارفین کو ایسے مشورے دینے شروع کر دیے ہیں جو کمپنی کو شرمندہ کر سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر ایک صارف کی جانب سے ڈپریشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر اے آئی ٹیکنالوجی نے اسے سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ برج سے چھلانگ لگانے کا مشورہ دیا۔

اسی طرح ایک صارف کے سوال پر اس نے پیزا کے اوپر موجود اجزا کو گلیو سے چپکانے کا مشورہ دیا۔

ابھی یہ فیچر امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے اور آنے والے مہینوں میں یہ دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اے آئی اوور ویوز کے تحت سرچ رزلٹس کے اوپر مختصر سمری موجود ہوتی ہے جو جیمنائی اے آئی ماڈل کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے۔

صارفین کے مطابق گوگل کے اے آئی ماڈل کے جوابات عجیب ہوتے ہیں، جس کی چند مثالیں اوپر دی جا چکی ہیں۔

ایک اور صارف کے سوال پر اے آئی ماڈل نے اسے روزانہ ایک چٹان کھانے کا مشورہ دیا۔

گوگل کی جانب سے ان جوابات کی تصدیق تو نہیں کی گئی مگر ایک بیان میں کمپنی کا کہنا تھا کہ ایسے جو جوابات وائرل ہوئے ہیں وہ عام سوالات کے نہیں تھے۔

گوگل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ عجیب جوابات غیر معمولی سوالات پر اے آئی ماڈل نے دیے اور ان سے بیشتر صارفین کو ہونے والے تجربے کی نمائندگی نہیں ہوتی۔

ترجمان کے مطابق اے آئی ٹول کی جانب سے زیادہ تر صارفین کو معیاری تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں اور ہم نے اس فیچر کو متعارف کرانے سے قبل اس کی اچھی طرح جانچ پڑتال کی تھی۔

مزید خبریں :